پاکستان میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ
پاکستان میں وزیر اعظم عمران خان نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دے دی ہے۔
پاکستانی میڈیا ذرائع کے مطابق جمعرات کو سرکاری ملازمین سے مذاکرات کرنے والی حکومتی کمیٹی کے ارکان نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔
ملاقات کرنے والوں میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید اور وزیر دفاع پرویز خٹک بھی شامل تھے۔ اس ملاقات میں وفاقی وزارت خزانہ کے عہدیداروں نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے سے قومی خزانے پر پڑنے والے بوجھ کے تعلق سے بریفنگ دی۔
بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ اب سرکولیشن کی سمری کے ذریعے کابینہ سے منظوری ملنے کے بعد تنخواہوں میں اضافے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا جائے گا۔
دوسری طرف وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے احتجاج کرنے والے سرکاری ملازمین سے مذاکرات کے بعد بتایا ہے کہ مذاکرات کامیاب رہے ہیں۔
یاد رہے کہ بدھ کو سرکاری ملازمین نے تنخواہوں میں اضافے کے لئے مظاہرہ کیا تھا۔ مظاہرین ریڈ زون میں بھی داخل ہو گئے تھے جس کے بعد پولیس اور مظاہرین میں تصادم کے باعث درجنوں افراد زخمی ہوگئے تھے۔ پولیس کی جانب سے آنسوگیس کا بے تحاشہ استعمال کیا گیا تھا اور دم گھٹنے سے ایک پولیس اہلکار بھی ہلاک ہوگیا تھا۔
بعد میں حکومت کی مذاکراتی ٹیم اور سرکاری ملازمین کے نمائندوں کے درمیان مذاکرات ہوئے جہاں تنخواہوں میں اضافے کی یقین دہانی کرائے جانے کے باوجود سرکاری ملازمین دھرنا اور مظاہرہ جاری رکھا تھا۔