پاکستان میں سینیٹ کے انتخابات کی تیاری
پاکستان میں سینیٹ کے انتخابات کی تیاری شروع ہوگئی ہے۔
رپورٹوں کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی بورڈ نے سینیبٹ کے انتخابات کے لئے امیدواروں کی فہرست کو حتمی شکل دے دی۔ بتایا گیا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو نے پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے ناموں کی منظوری دے دی ہے۔
پیپلز پارٹی کے ذرائع سے موصولہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سینیٹ کی آئندہ مدت کے لئے، شیری رحمان اور سلیم مانڈوی والا کے نام بھی شامل ہیں۔
دوسری طرف وزیر اعظم عمران خان کی صدارت میں تحریک انصاف کے اجلاس میں سینیٹ کے امیدواروں کے ناموں پر غور کیا گیا۔ عمران خان نے کہا ہے کہ ان کی جماعت سینیٹ کے ٹکٹ میرٹ پر دے گی۔ رپورٹوں کے مطابق تحریک انصاف نے سینیٹ کے لئے تیرہ امیدواروں کی فہرست فائنل کرلی ہے جن کے ناموں کا اعلان سائنس و ٹیکنالوجی کے وفاقی وزیر فواد چودھری نے ٹوئٹر پر سلسلے وار ٹوئٹ کے ذریعے کیا ہے۔
یاد رہے کہ سینیٹ کےانتخابات میں متفقہ امیدوار کھڑے کرنے کے لئے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے جمعرات کی رات مسلم لیگ نون کے سربراہ میاں نواز شریف سے ٹیلیفون پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ اس سال پاکستان میں سینیٹ کے انتخابات ایسے عالم میں کرائے جارہے ہیں کہ طریقہ کار کے بارے میں حکومت اور حزب اختلاف میں اتفاق رائے نہیں ہوسکا ہے۔
حکومت سینیٹ کےانتخابات خفیہ بیلٹ کے بجائے اوپن بیلٹ کے ذریعے کرانا چاہتی ہے لیکن حزب اختلاف کے اتحاد پی ڈی ایم نے اس کی مخالفت کی ہے۔ پاکستان میں سینیٹ کے ایک سو چار میں سے باون اراکین کی چھے سالہ مدت گیارہ مارچ کو ختم ہو رہی ہے۔ چونکہ قبائلی اضلاع کو خیبر پختونخواہ میں ضم کردیا گیا ہے اس لئے ان کی چارنشستیں بھی ختم کردی گئی ہیں۔ اڑتالیس نشستوں کے لئے تین مارچ کو پولنگ ہوگی۔