سینیٹ کے امیدواروں کے لئے حلف نامہ تیار
پاکستان کے قومی انتخابی کمیشن نے سینیٹ کے انتخابات کی شفافیت کو یقینی بنانے کی غرض سے امیدواروں کے لیے خصوصی حلف نامہ تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق پاکستان کے انتخابی کمیشن کے مجوزہ حلف نامے میں سینیٹ کے امیدوار اس بات کا اظہار کریں گے کہ انہوں نے پارٹی ٹکٹ کے لیے سیاسی جماعت کو کوئی رقم ادانہیں کی ہے اور نہ ہی براہِ راست یا بالواسطہ کسی ووٹر کو خریدنے یا متاثر کرنے کے لیے کسی کو کوئی رقم ادا کی ہے۔
مجوزہ حلف نامے کے مطابق رقم ادا کرنے کی صورت میں سینیٹ کے امیدواروں کو سیاسی جماعت کا نام اور رقم درج کرنے کا پابند بنایا گیا ہے۔ تاحال الیکشن کمیشن کے مجوہ حلف نامے کے بارے میں حزب اختلاف کی جماعتوں کا ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
پاکستان میں ایوان بالا سینیٹ کے انتخابات کے طریقہ کار پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اختلافات پائے جاتے ہیں۔ حکومت پاکستان ووٹوں کی مبینہ خرید و فروخت کو روکنے کے لیے سینیٹ کے انتخابات کھلے ووٹوں کے ذریعے کرانے پر زور دے رہی ہے جبکہ اپوزیشن کا کہنا ہے کہ ایسا کرنا انتخابی قوانین کی رو سے درست نہیں ہے۔
حکومت پاکستان نے صدارتی ریفرنس کے ذریعے پاکستان کی سپریم کورٹ سے اس بارے میں رائے طلب کی تھی جس کی سماعت ہنوز جاری ہے۔ پاکستان کی سپریم کورٹ نے گزشتہ سماعت کے دوران کہا تھا کہ سینیٹ کے انتخابات کی شفافیت کو یقینی بنانا اور کرپشن کو روکنا انتخابی کمیشن کی ذمہ داری ہے۔