مسلم لیگ اور پیپلزپارٹی میں رابطے تیز
پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون نے ملک کی سیاسی صورتحال اور حکومت مخالف تحریک پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
پاکستانی میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری جمعرات کو ایک وفد کے ہمراہ جاتی امرا پہنچے جہاں پاکستان مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے ان کا استقبال کیا۔
بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں جاتی امرا جانے والے پیپلز پارٹی کے وفد میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی، قمرزمان کائرہ ، مخدوم احمد محمود اور چودھری منظور شامل ہیں۔
رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ جاتی امرا میں دونوں پارٹیوں کی اعلی قیادتوں کے درمیان ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ دونوں پارٹیوں کے وفود کے درمیان عمران خان کی حکومت کے خلاف اپوزیش کی تحریک کو تیز کرنے کی راہوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ان مذاکرات میں پاکستان مسلم لیگ کی نائب صدر اور سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی قیادت میں حصہ لینے والے وفد میں سعد رفیق، رانا ثناء اللہ، پرویز رشید اور احسن اقبال شامل تھے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے جاتی امرا جانے سے پہلے پاکستان ڈیموکریٹک الائنس کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ٹیلیفون پر گفتگو کی تھی ۔