Mar ۰۹, ۲۰۲۱ ۱۵:۵۸ Asia/Tehran
  • پاکستان میں اپوزیشن کا دھاندلی کا الزام مسترد

پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر نے وزیر اعظم کو اعتماد کا ووٹ دینے کی کارروائی میں اپوزیشن کے دھاندلی کے الزام کو مسترد کر دیا ہے۔

اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان پر اعتماد کی ووٹنگ میں ایک ووٹ بھی غلط ثابت ہوگیا تو وہ ایک دن بھی اسپیکر نہیں رہیں گے۔
انھوں نے حزب اختلاف کے الزام کے بارے میں ایک صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کا یہ الزام بالکل غلط ہے کہ جتنے ووٹ ڈالے گئے ہیں ،اس سے کم اراکین پارلیمنٹ ہاؤس میں موجود تھے۔
اسد قیصر نے کہا کہ اس وقت ہاؤس میں میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے اور سب نے دیکھا کہ فیصل واوڈا اور خود انہیں الگ کر دیا جائے تو ہاؤس میں ایک سو اٹھہتر ارکان موجود تھے۔
دوسری طرف مسلم لیگ کے رہنما اور سابق وزیر ا‏عظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عمران خان کو اعتماد کا ووٹ بقول ان کے ملک کے اداروں نے دلایا ہے۔ انھوں نے اسلام آباد کی احتساب عدالت میں ایک ریفرنس کی سماعت میں حاضری کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غیر حاضر اراکین کو وزیر اعظم نے دھمکیاں دیں لیکن اسپیکر صاحب خاموش رہے۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان کے آئین میں وزیر اعظم کے خود اعتماد کا ووٹ لینے کی گنجائش نہیں ہے۔

 

ٹیگس