نیب نے مریم نواز پر ایک اور الزام عائد کر دیا
پاکستان کی ایک احتساب عدالت نے حزب اختلاف کی جماعت مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کو ایک اور کیس میں تحقیقات کے لیے طلب کر لیا ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق پاکستان کے قومی احتساب بیورو لاھور نے نئے کیس میں، مریم نواز شریف پر جاتی امرا کے علاقے میں تقریبا ساڑھے چودہ سو کنال سے زیادہ کی اراضی کی غیر قانونی منتقلی کا الزام عائد کیا ہے۔
نیب لاہور کے جاری کردہ نوٹس میں مریم نواز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مطلوبہ ریکارڈ کے ہمراہ چھبیس مارچ کو احتساب عدالت کے سامنے پیش ہوں۔ اس سے پہلے قومی احتساب بیورو لاھور نے مریم نواز کو چوہدری شوگر ملز کیس کی تحقیقات میں بھی چھبیس مارچ کو طلب کیا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان کے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف اور ان کے خاندان کے متعدد افراد کو بدعنوانیوں کے مختلف مقدمات کا سامنا ہے جنھیں وہ اپنے خلاف سیاسی انتقام کا نتیجہ قرار دیتے ہیں، تاہم تحریک انصاف کی حکومت نے اس کی سختی کے ساتھ تردید کی ہے۔