پچھلی حکومت پر ملک کو دیوالیے کے قریب پہنچانے کا الزام
پاکستان کے وزیر اعظم نے ماضی کی حکومتوں پر ملک کو دیوالیے کے قریب پہنچادینے کا الزام لگایا ہے۔
عمران خان نے یونیورسٹی آف مالا کنڈ میں ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ گزشتہ تیس سال میں ملک کی دولت مسلسل لوٹی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کا پیسہ چوری کرنے والوں کو پتہ ہی نہیں ہے کہ ان کے پاس کتنی دولت ہے۔
عمران خان نے ملک کو دیوالیہ ہونےسے بچانے کے لئے اپنی حکومت کی کارکردگی بیان کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے گزشتہ ڈھائی برس میں قرضوں پر چھے اعشاریہ دو کھرب کا سود واپس کیا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان دیوالیہ ہونے والا تھا لیکن انھوں نے دوست ملکوں کی مدد سے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچالیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ملک دیوالیہ ہوجاتا تو روپے کی قدر مزید گرجاتی اور منہگائی بڑھ جاتی۔
انھوں نے یہ بات ایسی حالت میں کہی ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کا کہنا ہے کہ عمران خان کی حکومت نے عوام پر مہنگائی کا بوجھ بڑھادیا ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم نے کہا کہ مسلم لیگ نون نے ڈھائی برس میں سود کے ساتھ بیس ہزار روپے کا قرضہ واپس کیا جبکہ انھوں نے اسی مدت میں سود کے ساتھ پینتیس ہزار ارب روپے کا قرضہ واپس کیا ہے۔ عمران خان نے اپنے اس خطاب میں زراعت اور کنسٹرکشن انڈسٹری کو فروغ دینے کا عزم بھی ظاہر کیا۔