Mar ۲۱, ۲۰۲۱ ۱۰:۵۵ Asia/Tehran
  • پاکستان میں کورونا کا قہر، وزیراعظم کے بعد ان کی اہلیہ بھی کورونا کا شکار

پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 8 اعشاریہ 7 فیصد رہی جبکہ کورونا وائرس سے ایک دن میں مزید 44 افراد جاں بحق ہوگئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 3 ہزار667 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 44 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ اس بیماری سے 2 ہزار 92 مریض شفایاب ہو گئے۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کے بعد خاتون اوّل بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے وزیراعظم عمران خان اور خاتون اوّل کی صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل کرتے ہوئے لکھا کہ اللہ تعالیٰ دونوں کو جلد شفاء دے۔

ہندوستان کے وزیراعظم نریندرا مودی نے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے پر ان کی صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

دوسری طرف سری لنکن وزیراعظم مہندا راجا پاکسے نے ٹویٹر پر لکھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی جلد صحتیابی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں، مشکل کی اس گھڑی میں ہمارے دل اور دعائیں انکے ساتھ ہیں۔

پاکستان میں چینی سفیر نونگ رونگ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد وزیراعظم پاکستان عمران خان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 13 ہزار843 ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 26 ہزار802 ہو چکی ہے۔

ٹیگس