پاکستان بھر میں یوم پاکستان کی تقریبات
آج 23 مارچ 2021 کو 81 واں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے اور اسی مناسبت سے آج پاکستان میں عام تعطیل ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کے تناظر میں ایس او پیز کو اپناتے ہوئے مقامی سطح پر تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے۔
ایوان صدر میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں صدر مملکت عارف علوی نے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات کے لیے کئی شخصیات کو ایوارڈ اور میڈیلز بھی تقسیم کیے۔
پاکستان صدر, وزیراعظم اور اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں نے یوم پاکستان کے موقع پر الگ الگ تہنیتی پیغامات جاری کرکے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے بتائے ہوئے اصولوں پر عمل کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہمیں قائداعظم محمد علی جناح کی جانب سے وضع کیے گئے اتحاد، ایمان اور تنظیم کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کے سابق صدر اور اپوزیشن کی جماعت پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے بھی اپنے پیغام میں کم و بیش ان ہی خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمیں قائداعظم کے فلسفے پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔
پاکستان میں 23 مارچ کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ جبکہ ٹی وی چینلز سے بھی خصوصی دستاویزی پروگرام نشر کیے جا رہے ہیں ۔ تاہم اسلام آباد اور راولپنڈی میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث یوم پاکستان کے موقع پرہونے والی پریڈ 23 مارچ کے بجائے 25 مارچ کو منعقد کی جائے گی۔
قابل ذکر ہے کہ تئیس مارچ سن انیس سو چالیس کو آل انڈیا مسلم لیگ کے سالانہ اجلاس میں مسلمانان ہند کے لیے علیحدہ وطن کے قیام کی قرارداد پیش کی گئی تھی جو قرار داد پاکستان کہلاتی ہے۔ پاکستان کے عوام ہر سال اس دن کو یوم پاکستان کے نام سے مناتے ہیں۔
خبروں کے لئے ہمارا نیا فیس بک پیج جوائن کيجئے
یوٹیوب پر ڈراموں کے لئے سبسکرائب کریں