Mar ۲۸, ۲۰۲۱ ۱۱:۰۶ Asia/Tehran
  • پاکستان میں کورونا کی تشویشناک صورتحال

پاکستان میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز میں روز بروز تشویشناک حد تک اضافہ ہورہا ہے ۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 45 ہزار 656 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد ایک کروڑ 066 ہزار 72 ہوگئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 4 ہزار 767 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ گزشتہ برس جون میں پاکستان میں کورونا کی صورتحال سب سے زیادہ تشویشناک تھی اور اُس دوران کورونا کے کیسز میں تشویشناک حد تک اضافہ ہورہا تھا اور سب سے زیادہ مثبت کیسز رپورٹ ہورہے تھے۔

اس سے قبل 6 جون 2020 کو ایک دن میں سب سے زیادہ 4 ہزار 734 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 54 ہزار 591 ہوگئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت اس ملک میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 44 ہزار 447 ہے۔ جب کہ 3 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں کورونا سے مزید 57 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر 14 ہزار 215 ہوگئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق کورونا سے ایک دن میں 2 ہزار 647 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 95 ہزار929 ہوگئی ہے۔ ملک میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 10فیصد ہونے کے بعد حکومت نے پنجاب میں مکمل لاک ڈاؤن پر غور شروع کردیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ این سی او سی کے اجلاس میں مکمل لاک ڈاؤن سمیت مختلف آپشنز پر فیصلہ کیا جائے گا۔

ٹیگس