پاکستان میں کورونا نے خطرے کی گھنٹی بجادی، مزید 100 افراد جاں بحق
پاکستان میں جان لیوا وائرس کورونا نے خطرے کی گھنٹی بجادی اور ایک دن میں اس سے مزید 100 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کی تیسری لہر نے شدت اختیار کر لی ہے جس کی وجہ سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 100 افراد اس موذی مرض سے انتقال کر گئے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کیسز کی مثبت شرح 8.82 فیصد رہی۔
این سی او سی کے مطابق پاکستان میں کورونا سےاموات کی تعداد 14 ہزار 356 ہوگئی، گزشتہ 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئیں، پنجاب میں کورونا سے 73، کے پی میں 18، سندھ میں 4 اموات ہوئیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں 46 ہزار 566 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے، ایک روز میں 4 ہزار 84 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی، پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد 6 لاکھ 63 ہزار 200 ہوگئی۔ جبکہ صحتیاب افراد کی تعداد 6 لاکھ 278 ہوگئی، پاکستان میں ایکٹو کیسز کی تعداد 48 ہزار 566 ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کے بعد اب اس ملک کے صدرڈاکٹر عارف علوی اور وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک بھی کورونا کا شکار ہوگئے۔