Apr ۱۴, ۲۰۲۱ ۱۶:۲۸ Asia/Tehran
  • پاکستان میں تحریک لبیک نامی مذہبی گروپ  پر پابندی کا فیصلہ

حکومت پاکستان نے تحریک لبیک نامی مذہبی گروپ کو کالعدم قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس بات کا اعلان پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک لبیک پر پابندی کی قرار داد حکومت پنجاب کی جانب سے آئی تھی جس کی منظوری کے لیے سمری وفاقی کابینہ کو بھیج دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے ملک کے مختلف شہروں میں گزشتہ تین روز سے جاری پرتشدد مظاہروں کے بعد تحریک لبیک کو بلیک لسٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کہا جارہا ہے کہ تحریک لبیک کے کارکنوں کے پرتشدد مظاہروں کے دوران دو پولیس اہلکار جاں بحق اور تین سو سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

تحریک لبیک کے کارکنوں نے مظاہروں کے دوران کچھ پولیس اہلکاروں کو یرغمال بھی بنا لیا تھا جنہیں بعد میں چھڑالیا گیا-

پاکستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ تحریک لبیک کے کارکنوں نے بظاہر یہ مظاہرے فرانسیسی جریدے چارلی ایبڈو میں توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کی مذمت میں کیے تھے اور پاکستان سے فرانسیسی سفیر کی بے دخلی کا مطالبہ کر رہے تھے۔ بدھ کو بھی لاہور میں تحریک لبیک کے احتجاجی دھرنے جاری رہے-

ٹیگس