Apr ۲۲, ۲۰۲۱ ۱۷:۰۷ Asia/Tehran
  • کوئٹہ میں دہشتگردانہ دھماکہ ؛ چین کا ردعمل

چین نے کوئٹہ کے ایک ہوٹل میں ہونے والے دہشتگردانہ دھماکے کی مذمت کی ہے-

چین کی وزارت خارجہ نے جمعرات کو پاکستان کے شہر کوئٹہ کے ایک ہوٹل میں ہونے والے بم دھماکے پراپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دھماکہ انسانیت کے خلاف جرم ہے ۔

بدھ  اور جمعرات کی درمیانی شب کوئٹہ کے ایک ہوٹل کی پارکینگ میں ہونے والے بم دھماکے کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک اور سترہ زخمی ہوگئے۔

دھماکے کے وقت پاکستان میں چین کے سفیر بھی اس ہوٹل میں موجود تھے۔

پاکستان میں چین کے سفیر، حکومت چین کی جانب سے کوئٹہ کے سترہ ہزار سے زیادہ ضرورت مند خاندانوں کی انسان دوستانہ امداد کے لئے اس شہر میں موجود ہیں ۔

اس دھماکے میں چینی وفد کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے ۔

اب تک کسی شخص یا گروہ نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

پاکستان کا صوبہ بلوچستان اس ملک کے بدامن صوبوں میں سے ایک ہے اوریہاں داعش ، لشکرجھنگوی ، جماعت الاحرار اور سپاہ صحابہ جیسے دہشت گرد گروہ دہشتگردانہ کارروائیاں کرتے رہتے ہیں۔

ٹیگس