Apr ۳۰, ۲۰۲۱ ۱۰:۴۳ Asia/Tehran
  • سعودی عرب میں پاکستانی سفیرعہدے سے بر طرف

پاکستان کے وزیراعظم نے سعودی عرب میں تعینات پاکستان کے سفیر کو فوری طور پر ان کے عہدے سےبرطرف کردیا ہے۔

پاکستان کے وزیراعظم کے معاون خصوصی ذلفی بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر اور سفارتی عملے کو پاکستانی کمیونٹی کی شکایات پر بر طرف کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے سفیر و سفارتی عملے کو ہٹانے کا فیصلہ کئی ماہ سے جاری شکایات پر کیا۔

واضح رہے کہ دو روز قبل اسلام آباد میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی تقریب سے خطاب کے دوران پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ مجھے پتہ چلا ہے کہ سعودی عرب میں پاکستانی سفارت خانے نے ہمارے محنت کشوں کو جو سہولیات فراہم کرنا تھی وہ نہیں کیں، مجھے یہ بھی خبر ملی کہ سفارت خانے کا عملہ محنت کشوں کی مدد کے بجائے ان سے پیسے لیتا رہا ہے۔ اس حوالے سے پوری تحقیقات کرائی ہے جب کہ وہاں تعینات سفیر کے خلاف بھی تحقیقات کرا رہا ہوں، وہاں تعینات بیشتر عملے کو واپس بلایا جارہا ہے، تحقیقات میں جو بھی ذمہ دار ثابت ہوا ان سب کے خلاف کارروائی ہوگی اور ہم انہیں مثال بنائیں گے۔

ٹیگس