شہباز شریف کو ملک سے باہر جانے کی مشروط اجازت
لاہور ہائی کورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو ملک سے باہر جانے کی اجازت دے دی-
پاکستان کے میڈیا ذرائع سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے علاج کے لئے بیرون ملک جانے کے لیے اپنا نام بلیک لسٹ سے نکالنے کے لئے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی جسے منظور کر لیا گیا ہے اور عدالت نے انھیں مشروط طور پر ملک سے باہر جانے کی اجازت دے دی ہے ۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے شہباز شریف کی درخواست پر سماعت کی اور بلیک لسٹ سے نام نکالنے کی درخواست پر فیصلہ سنایا۔
عدالت نے شہباز شریف کو فی الحال صرف ایک مرتبہ ملک سے باہر جانے کی مشروط اجازت دی ہے۔
لاہور ہائی کورٹ نے شہباز شریف کی درخواست پر وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کر دیا ہے ۔
شہباز شریف کو پہلی مرتبہ آشیانہ میں دوہزار اٹھارہ میں گرفتار کیا گیا اور گرفتاری کے بعد رمضان شوگر ملز کا مقدمہ قائم کیاگیا۔
شہباز شریف کے وکیل کا کہنا ہے کہ شہباز شریف، برطانیہ میں اپنے علاج کے لئے وقت لے چکے ہیں اور ان کی کل کی فلائٹ بک ہے۔