May ۲۱, ۲۰۲۱ ۱۸:۰۹ Asia/Tehran
  • پاکستان کا اسرائیل کے خلاف جنگی جرائم کا مقدمہ چلانے کا مطالبہ

حکومت پاکستان نے عالمی برادری اور بین الاقوامی اداروں سے جنگی جرائم کے ارتکاب کے جرم میں اسرائیل کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا مطالبہ کیا ہے-

اسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور دیگر بین الاقوامی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ پرحملے، جنگی جرائم کے ارتکاب، اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے باعث اسرائیل کے خلاف ٹھوس اورعملی اقدامات عمل میں لائے۔

انہوں نے فلسطین کے بارے میں اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عملدرآمد کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے سلامتی کونسل کی جانب سے مسئلہ فلسطین کے حل کو طول دیئے جانے پر بھی کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد، فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کے منصوبہ بند حملوں، اسلامی مقدسات خاص طور سے مسجد الاقصی کی بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔

درایں اثنا پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ فلسطین سے اسرائیل کا قبضہ ختم ہونا چاہیے اور مقبوضہ فلسطین میں غیر قانونی بستیوں کی تعمیر اور نسل پرستی پر مبنی حکومت کا خاتمہ ہونا چاہیے۔

انہوں نے ایک بار پھر اپنے ملک کے اس دیرینہ موقف کا اعادہ کیا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں آزاد خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام ناگزیر ہے جس کا دارالحکومت القدس شریف ہو۔

ٹیگس