Jun ۳۰, ۲۰۲۱ ۱۰:۰۳ Asia/Tehran
  • پاکستان نے امریکی دباؤ کو مسترد کردیا

پاکستان نے امریکی دباؤ میں نہ آنے کا فیصلہ کرتے ہوئے امریکہ سے کہا ہے کہ وہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کرے۔

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے واضح اور دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے امریکہ کو پیغام دیا ہے کہ وہ کسی کے دباؤ میں آ کر اپنے دیرینہ دوست چین کیساتھ اپنے تعلقات کو خراب نہیں کرے گا۔

چینی میڈیا  کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان پر چین سے تعلقات کم کرنے کا امریکی دباؤ غیر منصفانہ ہے۔ پاکستان جب بھی مشکل میں رہا، چین نے اس کا ساتھ دیا۔

پاکستان کے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانیوں کے دل میں چینی عوام کی بڑی عزت ہے، مشکل وقت میں ساتھ دینے والے یاد رہتے ہیں۔ چین کے ساتھ ہمارے تعلقات مضبوط سے مضبوط تر ہو رہے ہیں۔ پاکستان کسی کے دباؤ میں آ کر اپنے تعلقات خراب نہیں کرے گا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان تمام ممالک کےساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے لیکن مغربی طاقتوں کا پاکستان پر کسی ایک اتحاد کو چننے کیلئے دباؤ ڈالنا ٹھیک نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ تجارت کے ذریعے چین کیساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے۔ اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) پاکستان کا معاشی مستقبل ہے۔

واضح رہے کہ اس وقت امریکہ اور پاکستان کے تعلقات سرد مہری کا شکار ہیں اور امریکی صدر جو بائیڈن نے اقتدار میں آنے کے کئی ماہ بعد بھی پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان سے حتی ٹیلی فونی رابطہ بھی برقرار نہیں کیا ہے۔

ٹیگس