ہندوستان پاکستان کشیدگی میں اضافہ، اسلام آباد نے نئی دہلی سے رابطے منقطع کر لئے
پاکستان کے مشیر برائے قومی سلامتی نے ہندوستان کے ساتھ مذاکرات کے لیے ہر قسم کے رابطے منقطع کر لیے جانے کا اعلان کیا ہے۔
نجی ٹیلی ویژن کو انٹرویو دیتے ہوئے پاکستان کے مشیر قومی سلامتی معید یوسف کا کہنا تھا کہ آج کے بعد سے ہندوستان کے ساتھ گفتگو کے لیے بالواسطہ اور خفیہ رابطوں کا کوئی وجود نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان مذاکرات کے لیے لازمی اعتماد کی بحالی میں ناکام رہا ہے لہذا مذاکرات کی بحالی کی غرض سے اسلام آباد اور دہلی کے درمیان ہرقسم کے رابطے ختم کر دیئے گئے ہیں۔
پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیر کا کہنا تھا کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی بحالی کے حوالے سے ہندوستان کے موقف میں تبدیلی کے کوئی آثار دکھائی نہیں دیتے۔انہوں نے کہا کہ البتہ کشمیر کی خصوصی حییثت ختم کرکے ہندوستان پھنس گیا ہے اور اس علاقے کی پوزیشن بحال کرنا بقول ان کے خود ہندوستان کے مفاد میں ہوگا۔
معید یوسف نے کشمیری سیاستدانوں کی ہندوستانی وزیراعظم سے حالیہ ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نئی دھلی حتی اپنے اتحادیوں کو بھی تنازعہ کشمیر کے حوالے سے اپنے موقف پر قائل نہیں کر سکا۔
کشمیر کی ہندوستان نواز جماعتوں کے رہنماؤں نے گزشتہ دنوں وزیر اعظم نریندر مودی جانب سے بلائی جانے والے کل جماعتی کانفرنس میں شرکت کے بعد ، وادی کی خصوصی حیثیت بحال کرنے اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پاکستان کے ساتھ مذاکرات کا مطالبہ کیا تھا۔
اس درمیان پاکستان کے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ نے اپنے الگ الگ بیانات میں پچھلے دنوں لاہور کے جوہر ٹاؤن میں ہوئے بم دھماکے میں ہندوستان کو براہ راست ملوث قرار دیا ہے-