پاکستان میں کورونا کے پھیلاؤ میں ایک بار پھر اضافہ، ملک کو ڈیلٹا ویرینٹ کے خطرے کا سامنا
پاکستان میں کورونا کے پھیلاؤ میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، دوسری جانب وزیر اعظم پاکستان عمران کان نے ملک میں ڈیلٹا ویرینٹ کے پھیلاؤ کی بابت بھی سخت خبردار کیا ہے۔
پاکستان کے نیشنل کورونا کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے ایک ہزار چھے سو تراسی نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا۔
پاکستان میں کورونا کے سب سے نئے مریضوں کا اندراج کراچی میں ہوا ہے۔ کراچی میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے سات سو انچاس نئے مریضوں کا اندراج ہوا۔ اس رپورٹ کے مطابق کراچی میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی شرح گیارہ اعشاریہ نو پانچ فیصد ہے۔
اس دوران کورونا کے چوبیس مریض لقمہ اجل بن گئے جبکہ ایک ہزار چوراسی کورونا کے مریض شفایاب ہوئے۔ پاکستان میں کورونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد نو لاکھ سڑسٹھ ہزار چھے سو تینتیس ہے جن میں سے بائیس ہزار چار سو ترانوے لقمہ اجل بن چکے ہیں، چونتیس ہزار پانچ سو اکتس زیر علاج ہیں اور نو لاکھ دس ہزار چھے سو نو افراد کورونا کو شکست دے چکے ہیں۔
اُدھر اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب میں پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا وائرس مسلسل اپنی ہیئت تبدیل کررہا ہے اور پاکستان کو اس وقت کورونا کے انڈین ویریئنٹ کا سخت خطرہ لاحق ہے۔
عمران خان نے عوام سے اپیل کی کہ کورونا سے بچنے کے لئے ماسک کا استعمال جاری رکھیں ۔انھوں نے کہا کہ ملک میں کورونا کی چوتھی لہر آسکتی ہے جو زیادہ خطرناک ہو سکتی ہے۔ عمران خان نے عیدالاضحی کے قریب آنے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر عوام کو زیادہ احتیاط سے کام لینے کی ضرورت ہے۔
دوسری طرف پاکستان کے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور نیشنل کورونا کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ حکومت لاک ڈاؤن کے ذریعے لوگوں کی عید خراب نہیں کرنا چاہتی ہے۔