امریکہ کو ہوائی اڈے نہ دینے کے فیصلے پر حکومت پاکستان اٹل
حکومت پاکستان نے کہا ہے کہ امریکہ کو ہوائی اڈے نہ دینے کا فیصلہ اٹل ہے۔
پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان کے خلاف کسی بھی کارروائی کے لئے اپنا کوئی بھی ہوائی اڈہ نہیں دے گا اور اس سلسلے میں وزیراعظم عمران خان کا فیصلہ اٹل ہے۔ انہوں نے اتوار کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان پر کوئی دباؤ نہیں ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ افغانستان سے غیر ملکی فوجیوں کے انخلا کے بعد خطے کی صورتحال تبدیل ہونے جارہی ہے اور پاکستان چاہتا ہے کہ افغانستان میں امن ہو- ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کی خواہش ہے کہ تمام افغان دھڑے مذاکرات کی میز پر بیٹھ کر مسائل حل کریں- شیخ رشید نے کہاکہ چین کی سرمایہ کاری اس وقت تک ممکن نہیں ہے جب تک افغانستان میں امن قائم نہ ہو اوراسی طرح ازبکستان تک ٹرین لے جانا بھی اس وقت تک ناممکن ہے جب تک افغانستان میں امن قائم نہیں ہوجاتا -