Jul ۱۵, ۲۰۲۱ ۱۹:۳۸ Asia/Tehran
  • وزیراعظم پاکستان کا دورہ ازبکستان

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ افغانستان میں قیام امن ضروری ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ افغان مسئلے کا سیاسی حل نکل آئے گا۔

ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں ازبکستان بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ٹرانس افغان ریلوے منصوبے کو ازبکستان اور پاکستان دونوں کے لئے بہت اہم قرار دیا۔ 

ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ پاکستان کو ازبکستان اور وسطی ایشیا سے جوڑتا ہے اس لئے افغانستان میں امن کا قیام بہت ضروری ہے۔ عمران خان نے امید طاہر کی کہ افغان مسئلے کا سیاسی حل نکال لیا جائے گا جس کے بعد افغانستان کے ذریعے دونوں ممالک منسلک ہو سکیں گے اور خطے میں سبھی کو فائدہ پہنچے۔

پاکستانی وزیر اعظم ازبکستان میں جنوب اور وسط ایشیائی ملکوں کی کانفرنس میں شرکت کے لئے دو روزہ دورے پر تاشقند پہنچے ہیں جہاں ہوائی اڈے پر ازبکستان کے وزیر اعظم نے ان کا استقبال کیا- عمران خان کے ساتھ ایک اعلی سطحی سیاسی و اقتصادی وفد بھی ازبکستان کے دورے پر ہے۔ دونوں ملکوں کے حکام کا کہنا ہے یہ دورہ علاقائی اور دوطرفہ تجارت اور سیکورٹی کے معاملات کے تعلق سے بہت ہی اہم ہے-

اس کانفرنس میں شرکت کے لئے افغانستان کے صدر اشرف غنی بھی تاشقند پہنچے ہیں۔ عمران خان کے دورہ تاشقند کے موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے متعدد سمجھوتوں پر دستخط بھی ہوئے ہیں۔

ٹیگس