Jul ۲۶, ۲۰۲۱ ۰۹:۲۰ Asia/Tehran
  • کشمیرکے انتخابات میں تحریک انصاف کامیاب، اپوزیشن نے دھاندلی کا الزام لگایا

پاکستان کے زیر انتظام کشمیرکے انتخابات میں تحریک انصاف نے اکثریت حاصل کرلی۔

غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی 25 سیٹیں لے گئی، پیپلز پارٹی 11 اور نواز لیگ 6 حلقوں سے کامیاب ہوئی، مسلم کانفرنس اور جموں کشمیر پیپلز پارٹی نے ایک، ایک نشست جیت لی۔ اس طرح تحریک انصاف نے سادہ اکثریت حاصل کرلی۔

پاکستان کی سیاسی اور مذھبی جماعتوں نے انتخابی نتائج کو تسلیم کرنے سے انکار کیا ہے۔

مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ وہ انتخابی نتائج تسلیم کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے تو 2018 کے نتائج بھی تسلیم نہیں کیے نہ اس جعلی حکومت کو مانا ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا  کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے کشمیر کےانتخابات میں تشدد اور دھاندلی کا سہارا لیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی 11 نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی اپوزیشن جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے، بہترین جدوجہد کرنے والی پاکستان پیپلزپارٹی جموں و کشمیر پر فخر ہے۔

جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مولانا فضل الرحمان نے بھی کہا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے۔

کشمیرانتخابات میں ٹرن آؤٹ 58 فیصد رہا، 2016 کےانتخابات میں ٹرن آؤٹ 65 فیصد رہا تھا۔

ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے سب سے زیادہ 6 لاکھ 13 ہزار590 ووٹ حاصل کئے، پی ٹی آئی کےحاصل کردہ ووٹوں کی شرح 32 اعشاریہ 5 فیصد ہے۔

نون لیگ نے 4 لاکھ 91 ہزار91 ووٹ حاصل کیے جبکہ شرح 25 اعشاریہ 65 ہے،  پیپلزپارٹی نے3لاکھ 49 ہزار895 ووٹ لیے، شرح 18 اعشاریہ 28 ہے۔

ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس نے 1لاکھ 53 ہزار861 ووٹ حاصل کیے۔

ٹیگس