اسلام آباد میں سیلاب
اسلام آباد میں شدید بارش اور سیلاب نے تباہی مچادی ہے جبکہ راول ڈیم انتظامیہ نے الرٹ جاری کردیا ہے۔
پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بادل پھٹنے اور سیلاب کے نتیجے میں وسیع تباہی کی خبریں ملی ہیں۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق نالے کا پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہو جانے سے کم سے ایک بچے اور ماں کے ڈوب جانے کی خبر ہے۔
پاکستانی ذرائع کے مطابق شدید بارش اور سیلاب کے نتیجے میں بدھ کی صبح بعض لوگوں کے گھروں میں نالے کا پانی داخل ہوگیا۔ رپورٹ کے مطابق ایک گھر کے چار بچے اور ماں، پانی میں ڈوب گئے۔
تین بچوں کو بچالیا گیا لیکن ایک بچے اور ماں کے ڈوب جانے سے ہلاکت ہونے کی تصدیق کردی گئی ہے۔
اسلام آباد میں سیلابی صورتحال کی وجہ کے بارے میں انتظامیہ سے متضاد رپورٹیں ملی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے کہا ہے کہ بادل پھٹنے کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے لیکن پاکستان کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سیلاب مان سون کی بارشوں سے آیا ہے۔
اسلام آباد کے سیکٹر ای گیارہ اور ڈی بارہ میں لوگوں کے گھروں میں پانی داخل ہوجانے کے علاوہ سیلابی ریلے میں متعدد گاڑیوں کے بھی بہہ جانے کی خبر ہے۔
اسی کے ساتھ راول ڈیم کی انتظامیہ نے الرٹ جاری کردیا ہے کہ ڈیم میں پانی کی سطح خطرے کے نشان کو عبور کرچکی ہے ۔ انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ پانی کی سطح مزید بلند ہونے پر پانی کی نکاسی کے لئے ڈیم کے دروازے کھول دیئے جائیں گے۔