پاکستان میں کورونا کی چوتھی لہر جاری
پاکستان میں کورونا کی چوتھی لہر پوری شدت کے ساتھ جاری ہے۔
پاکستان کے نیشنل کورونا کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے تین ہزار پانچ سو بیاسی نئے مریضوں اور سڑسٹھ اموات کا اندراج کیا گیا۔ اس دوران ایک ہزار تین سو پچپن کورونا کے مریض شفایاب ہوئے۔
پاکستان کے نیشنل کورونا کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق اس ملک میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی شرح، سات اعشاریہ ایک نو فیصد ہے۔ پاکستان میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ شہر کراچی ہے جہاں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی شرح پچیس فیصد سے زائد بتائی گئی ہے ۔ سندھ حکومت نے کراچی میں ، کورونا کو کنٹرول کرنے کے لئے آٹھ اگست تک کے لئے مکمل لاک ڈاؤن نافذ کر دیا ہے جس پر اس کو وفاقی حکومت کی مخالفت اور تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا ہے۔
پاکستان میں اب تک دس لاکھ تینتالیس ہزار دو سو ستتر افراد کورونا میں مبتلا ہوچکے ہیں جن میں سے تیئس ہزار پانچ سو انتس لقمہ اجل بن گئے، نو لاکھ چوالیس ہزار تین سو پچھتر کورونا کو شکست دینے میں کامیاب رہے اور پچھتر ہزار تین سو تہتر زیر علاج ہیں۔