Aug ۰۷, ۲۰۲۱ ۱۶:۲۶ Asia/Tehran
  • پاکستان میں الیکٹرانک مشین سے ووٹنگ کی تیاری

پاکستان میں اگلا الیکشن الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ذریعے کرایا جائے گا۔

اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے سنیچر کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے بارے میں وزیر اعظم عمران خان کو بریفنگ دی۔ انھوں نے اسی کے ساتھ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی کارکردگی کا عملی مظاہرہ بھی کیا۔

اس رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی کارکردگی جانچنے کے لئے اس کے ذریعے ووٹ بھی ڈالا۔پاکستان کے وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے اپنی بریفنگ میں کہا کہ مشین کا سافٹ ویئر بہت ہی اعلی معیار کا ہے ۔ انھوں نے بتایا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کو کام کرنے کے لئے انٹرنیٹ کی ضرورت نہیں ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان بارہا ملک میں الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم کی ضرورت پر زور دے چکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سسٹم کے نافذ ہونے سے انتخابات اور ووٹوں کی گنتی میں دھاندلی کا امکان ختم ہوجائے گا اور الیکشن ہارنے والا بھی نتیجے کو تسلیم کرے گا۔انھوں نے یہ دعوی ایسی حالت میں کیا ہے کہ پڑوسی ملک ہندوستان میں الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم رائج ہے جس پر مختلف حلقوں نے سخت تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ بعض حلقوں کا کہنا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کو ہیک کرکے دھاندلی کی جاسکتی ہے۔

ٹیگس