یوم آزادی کے موقع پر پاکستان میں دہشتگردی، متعدد ہلاک و زخمی
پاکستان میں آج 75 واں یوم آزادی منایا جا رہا ہے تاہم اس موقع پر سکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی۔
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے شہرلورالائی کے قریب دہشتگردوں کی جانب سے ایف سی کی گاڑی پر حملے کے بعد جوابی کارروائی میں ایک سیکیورٹی اہلکار جاں بحق جب کہ 3 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بلوچستان میں لورالائی کے علاقے شاہرگ میں ایف سی بلوچستان کی گاڑی پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا، ایف سی کے اہلکاروں کی فوری کارروائی کے نتیجے میں 3 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں نائیک شریف جاں بحق ہوگیا۔
دہشتگردوں کے ساتھ جھڑپ کے دوران میجر قاسم اور ایف سی کا ایک اہلکار فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہوگئے، زخمیوں کو فوری طور پر سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے۔
پاکستان کے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے لورالائی میں ایف سی کی گاڑی پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایف سی کی گاڑی پر فائرنگ ایک انتہائی بزدلانہ کارروائی ہے، دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیاں ہماری فورسز کے حوصلے پست نہیں کرسکتیں۔