بلوچستان میں سیکورٹی اہلکاروں پر حملے
پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں نیم فوجی دستے کی گاڑی پر دہشتگردوں کے حملے میں تین اہلکار ہلاک اور زخمی ہوگئے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق نیم فوجی دستے ایف سی کی گاڑی پر حملہ ہفتے کے روز بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ میں کیا گیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا ہے کہ مسلح افراد نے علاقے میں گشت کرنے والی ایف سی کی گاڑی پر اچانک فائرنگ کردی جس میں دو سیکورٹی اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔
سیکورٹی اہلکاروں کی جوابی فائرنگ کے باوجود حملہ آور جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ادھر قلات کے قریب پولیس کی گاڑی پر دستی بم کے حملے میں ایک پولیس اہلکار اور متعدد عام شہری زخمی ہوگئے تاہم ڈی ایس پی قلات غلام حسین محفوظ رہے جو پولیس کی گاڑی کے اندر بیٹھے تھے۔
خیال رہے کہ پاکستان کا صوبہ بلوچستان کافی عرصے سے بد امنی کا شکار ہے تاہم حالیہ کچھ عرصے سے دہشت گردوں کی جانب سے سیکورٹی فورسز کو حملے کا نشانہ بنانے کے واقعات میں بہت تیزی آگئی ہے۔