یورپی یونین کے کردار پر پاکستان کی کڑی نکتہ چینی
پاکستان کے وزیر خارجہ نے اسلام آباد کے خلاف یورپی یونین کی حالیہ قرارداد کی جانب اشارہ کرتے ہوئے اس پر کڑی نکتہ چینی کی اور اس پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔
پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نیویارک میں یوروپی یونین کی خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بورل سے ہونے والی ملاقات میں علاقائی خاص طور سے افغانستان کی صورتحال اور باہمی روابط پر گفتگو کی۔
شاہ محمود قریشی نے اس ملاقات میں اسلام آباد کے خلاف یورپی یونین کی حالیہ قرارداد کی جانب اشارہ کرتے ہوئے اس پر کڑی نکتہ چینی کی اور اس اقدام کو بیہودہ قرار دیا۔
پاکستان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں قیام امن کیلئے بہت کوشش کی اور دہشتگردی کے خلاف جدوجہد میں افغانستان کا ساتھ دیا اور افغانستان سے سفارتکاروں کے انخلاء میں تعاون کیا۔
در ایں اثناء پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قطر کے نائب وزیراعظم سے بھی ملاقات کی ۔
نیویارک میں شاہ محمود قریشی اور قطر کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمان کے مابین ہونے والی ملاقات میں افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔
ملاقات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور افغانستان کے لیے عالمی سطح پر عملی اقدامات بڑھانے پر زور دیا۔ شاہ محمود قریشی نے افغانستان میں قیام امن کے لیے قطر کی کاوشوں کی تعریف کی۔