پاکستان اور روس کے درمیان عسکری تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق
پاکستان اور روس نے دوطرفہ دفاعی اور عسکری تعلقات کو مضبوط کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق پاکستان اور روس کے درمیان یہ اتفاق رائے اسلام آباد میں منعقد ہونے والے روس پاکستان مشترکہ ملٹری مشاورتی کمیٹی جے ایم سی سی کے اجلاس میں کیا گیا -
پاکستان کے سکریٹری دفاع ریٹائرڈ لیفٹننٹ جنرل محمد بلال حسین اور روس کے نائب وزیر دفاع الیکزنڈر وی فومن نے اپنے اپنے ملکوں کے وفود کی سربراہی کی-
اجلاس کے دوران دوطرفہ دفاعی اور عسکری تعاون کو مزید فروغ دینے اور تعلقات کو زیادہ مستحکم بنانے پر بھی اتفاق ہوا- اجلاس کے دوران فوجی ٹریننگ، مشترکہ فوجی مشقوں کے انعقاد اور انٹیلیجنس تعاون پر بھی بات چیت ہوئی -
روس اور پاکستان کے دفاعی وفود کے اجلاس میں افغانستان کی تازہ ترین صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ دونوں ملکوں کا تعاون علاقے میں امن و استحکام کی تقویت میں مدد گار ثابت ہوسکتا ہے-
واضح رہے کہ پاکستان اور روس کے درمیان مشترکہ ملٹری مشاورتی کمیٹی دو ہزار اٹھارہ میں قائم ہوئی تھی اور دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی اور عسکری شراکت داری دوہزار چودہ میں ہونے والےمعاہدے کے مطابق جاری ہے۔