Oct ۰۸, ۲۰۲۱ ۱۵:۴۰ Asia/Tehran
  • اختلافات کے سائے میں، امریکی نائب وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان

اسلام آباد واشنگٹن اختلافات کے درمیان امریکہ کی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمن نے پاکستان کا دورہ کیا اور اعلی پاکستانی حکام سے ملاقات کی ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمن نے اسلام آباد میں پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف سے الگ الگ ملاقات کی ہے۔کہا جارہا ہے کہ یہ پہلی بار ہے جب کسی بھی امریکی عہدیدار کا اس کی سطح کے کسی پاکستانی عہدیدار نے استقبال نہیں کیا۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف نے امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمن سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں بدامنی کے پاکستان سمیت تمام ہمسایہ ملکوں پر منفی اثرات پڑیں گے۔ انہون نے کہا کہ پاکستان مسلسل امریکہ کو خبردار کرتا آرہا تھا کہ افغانستان کے مسئلہ کا فوجی حل ناکام ہوجائے گا۔

پاکستان کے مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے امریکی نائب وزیرخارجہ سے ملاقات میں کہا ہے کہ عالمی برادری کو افغانستان میں طالبان کی عبوری حکومت سے ’رابطے قائم‘ کرنے چاہیں۔

ادھر پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی نائب وزیر خارجہ سے بات چیت کرتے ہوئے افغانستان میں پرامن تصفیے کی ضروروت پر زوردیا ہے۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افغانستان کی موجودہ صورتحال میں عالمی برادری کی جانب سے مثبت شمولیت، انسانی امداد، مالیاتی وسائل کی فراہمی اور افغان عوام کے مسائل و مشکلات کو دور کرنے کے لیے پائیدار معیشت کی تعمیر کے لیے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔

واضح رہے نائب امریکی وزیر خارجہ وینڈی شرمن ایک سات رکنی وفد کے ہمراہ دو روزہ دورے پر جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات پاکستان پہنچی ہیں۔

ٹیگس