Nov ۰۴, ۲۰۲۱ ۰۸:۲۳ Asia/Tehran
  • کورونا صورتحال میں بہتری، پاکستان نے غیر ملکی پروازوں کی بحالی کا اعلان کیا

پاکستان نے غیر ملکی پروازوں کی آمد مکمل طور پر بحال کرنے کا اعلان کردیا۔

ڈان اخبار کے مطابق پاکستان کے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے وبا کی موجودہ صورتحال میں بہتری کے پیش نظر دس نومبر سے تمام پروازوں کو مکمل گنجائش کے ساتھ آّنے کی اجازت دے دی۔

این سی او سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ہائی رسک ممالک کے لیے سفری پابندیاں بھی ختم کردی گئی ہیں جبکہ غیر ملکی پروازوں کی مکمل بحالی دس نومبر سے نافذ ہو جائے گی۔ این سی او سی کے مطابق کورونا ویکسین سے متعلق طے شدہ پروٹوکول کا اطلاق پانچ نومبر سے ہوگا جس کے تحت تمام غیرملکی پروازوں کے مسافر کے لیے مکمل طور پر ویکسینیٹڈ ہونا ضروری قرار دیا گیا ہے۔

این سی او سی نے واضح کیا کہ تمام ملکی یا غیرملکی مسافر جن کی عمریں چھ سال یا اس سے زائد ہیں، اُن کے لیے پی سی آر ٹیسٹ کی منفی رپورٹ لازمی ہے جو بورڈنگ سے 72 گھنٹے قبل کرائی گئی ہو۔

این سی او سی نے اعلامیے میں واضح کیا کہ افغانستان کے فضائی مسافروں کے علاوہ تمام دیگر مسافروں کے لیے ٹیسٹنگ پروٹول لاگو ہوں گے جبکہ افغان شہریوں کو ٹیسٹنگ اور قرنطینہ مراحلے سے گزرنا ہوگا۔

ٹیگس