پاکستان میں انتخابی اصلاحات کا بل منظور، الیکشن ای وی ایم کے ذریعے ہوں گے
پاکستان میں اگلے انتخابات، الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کے تحت ہوں گے۔ یہ بات وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے پارلیمان کے مشترکہ اجلاس میں انتخابی اصلاحات بل سمیت اہم بلوں کی منظوری کے بعد کہی۔
پاکستان کی سرکاری خبر ایجنسی ‘اے پی پی’ کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے پارلیمان کے مشترکہ اجلاس میں ای وی ایم، انتخابی اصلاحات بل سمیت اہم بلوں کی منظوری پر قوم مبارک باد دی اور اس دن کو ایک تاریخی دن سے تعبیر کیا۔
انہوں نے کہا کہ طویل جدوجہد کے بعد آج بیرون ملک مقیم نوے لاکھ پاکستانیوں کو ووٹ کا حق استعمال کرنے کی سہولت کا قانون منظور ہوا ہے جس پر سمندر پار پاکستانیوں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ آج سے ہمارا ووٹنگ کا پرانا نظام ختم ہو گیا ہے، آئندہ انتخابات ای وی ایم پر ہوں گے۔
فؤاد چودھری کا کہنا تھا کہ انتخابی اصلاحات گزشتہ ڈیڑھ سال کی کوششوں کا نتیج ہے جس کے لئے وزیراعظم عمران خان اور اسپیکر قومی اسمبلی سمیت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پوری قیادت نے کوشش کی۔
انہوں نے اپوزیشن پر سخت تنقید کی اور کہا کہ پی ڈی ایم نامی اتحاد میں شامل شہباز شریف، بلاول بھٹو اور دیگر رہنمااس وقت مایوسی کے عالم میں ہیں اور ان کی مایوسی میں مزید اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کس طرح ہونے ہیں وہ پارلیمان طے کرے گا اور الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے۔
خیال رہے کہ پارلیمان کے مشترکہ اجلاس میں انتخابی اصلاحات بل سمیت اہم بلوں کی منظوری کے بعد قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے الیکشن ترمیمی بل سممیت دیگر بلوں کو بھی عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔