Nov ۲۵, ۲۰۲۱ ۰۹:۲۰ Asia/Tehran
  • پاکستان: پیٹرولیم ڈیلرز کی ہڑتال، پمپس بند، عوام پریشان

پاکستان میں پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے منافع کے مارجن کو بڑھانے کے لیے ملک بھر میں ہڑتال کر دی۔

پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی ملک بھر میں ہڑتال جاری ہے، کئی شہروں میں کہیں پٹرول پمپس کھلے تو کہیں بند ہیں، جہاں پٹرول دستیاب ہے وہاں لوگوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں، نئے بحران پر شہری پریشان ہیں۔

دوسری طرف ترجمان وزارت پٹرولیم نے کہا کہ ملک بھر میں آج تمام پٹرول پمپ کھلے رہیں گے۔ ترجمان کی جانب سے کہا گیا کہ وزارت توانائی پٹرولیم ڈویژن نے پٹرول پمپ ڈیلرز کے مارجن کو بڑھانے کےلئے کیس ای سی سی بھجوا دیا، آئل مارکیٹنگ کمپنیز اور ڈیلرز کے مارجن میں مناسب اضافے کے لئے وزارت کوشاں ہے۔

ادھر مسلم لیگ نون نے پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی ملک گیر ہڑتال پر سخت رد عمل دکھایا ہے۔

ترجمان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ سبز باغ دکھا کر عمران صاحب نے قوم کو دوبارہ قطاروں میں کھڑا کر دیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں ترجمان نون لیگ مریم اورنگزیب نے کہا کہ نوازشریف نے عوام کو لوڈشیڈنگ کی اذیت، پیٹرول، گیس کی قطاروں سے نجات دلائی تھی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ اس حکومت میں آٹے، چینی تو کہیں گیس پیٹرول اور بے روزگاروں کی قطاریں ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے اپنے کمیشن مارجن کو 6 فیصد کرنے کے مطالبے کو برقرار رکھتے ہوئے آج ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔

ٹیگس