ہاکی ورلڈ کپ میں پاکستان نے مصر کو ہرایا
ہندوستان میں جاری جونیئر ہاکی ورلڈکپ میں پاکستان نے مصر کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرا دیا۔
ہندوستان کے شہر بھوبنیشور میں جاری جونیئر ہاکی ورلڈ کپ کے اپنے دوسرے میچ میں پاکستان نے مصر کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی۔ پاکستان کی طرف سے تینون گول رضوان علی نے کئے۔
رضوان علی نے کھیل کے انیسویں، بتیسویں اور ترپن ویں منٹ میں گول اسکور کرکے ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ انہوں نے تینوں گول پنالٹی کارنر پر بنائے۔
میچ کے اختتام پر پاکستان کے نائب کپتان معین شکیل کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
پاکستان اپنا آخری پول میچ، اتوار کی شام ارجنٹینا کے خلاف شام ساڑھے چار بجے کھیل رہا ہے۔
یاد رہے کہ ہندوستان کے شہر بھوبنیشور میں جاری جونیئر ورلد کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم سمیت سولہ ملکوں کی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جنہیں چار پول میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پاکستان، ارجنٹینا مصر اور جرمنی کے ساتھ پول ڈی میں شامل ہے۔