گمشدہ صحافی مدثر نارو کے لواحقین سے پاکستان کے وزیراعظم کی ملاقات
پاکستان میں وزیراعظم عمران خان نے گمشدہ صحافی مدثر نارو کے لواحقین سے ملاقات کر لی ہے۔
پاکستانی ذرائع کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں انجام پانے والی اس ملاقات میں لاپتہ صحافی مدثر نارو کا بیٹا،والدہ اور والد شامل تھے۔ اس موقع پر پاکستان کے وفاقی سیکریٹری داخلہ بھی موجود تھے۔
ملاقات میں اہلخانہ نے وزیراعظم کو مدثر نارو کی گمشدگی سے متعلق تفصیلی طور پر بتایا۔ رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے لاپتہ صحافی مدثر نارو کے لواحقین کو ان کی بازیابی کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے مدثر نارو کی فیملی سے وزیراعظم اور کابینہ کی ملاقات کا حکم دیا تھا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے لوگوں کو اٹھاکے لاپتہ کردینے کو انسانیت کے خلاف جرم قرار دیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ اگر ریاست، لوگوں کو اغوا کرتی ہے تو یہ انتہائی سنگین جرم ہے۔