Dec ۱۷, ۲۰۲۱ ۰۸:۳۵ Asia/Tehran
  • عمران خان کی عالمی برادری سے طالبان کو تنہا نہ چھوڑنے کی اپیل

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے افغانستان میں انسانی المیہ کی روک تھام کی کوششوں کے جاری رہنے پر تاکید کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ افغانستان کو الگ تھلگ کرنا، دنیا کے لئے نقصان دہ ہوگا۔

عمران خان نے افغانستان معاملے میں تشکیل پانے والی اعلی کمیٹی کے اجلاس میں عالمی برادری سے افغانستان کے ساتھ روابط بنانے پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد انسانی المیہ کے سدباب کے لئے افغانستان کی ہر ممکنہ حمایت کرے گا۔  

پاکستانی وزارت عظمی کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق، عمران خان نے افغانستان کے الگ تھلگ پڑ جانے کو دنیا کے لئے نقصان دہ قرار دیا اور دنیا کے ملکوں سے طالبان کی حکومت سے گفتگو کرنے کی اپیل کی۔

ساتھ ہی انہوں نے پاکستان کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ انسانی امداد کے میدان میں کام کرنے والی جو بھی تنظیمیں پاکستان کے ذریعہ افغانستان کی مدد کرنا چاہتی ہیں، ان کے ساتھ تعاون کیا جائے۔ عمران خان نے کہا کہ ان کا ملک افغانستان میں انسانی المیہ کو روکنے کے لئے ہر ممکنہ تعاون کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان 5 ارب کی انسانی امداد مہیا کرنے کی ذمہ داری لے چکا ہے جس میں اشیاء خوردونوش اور ہنگامی میڈیکل امداد شامل ہیں۔

خیال رہے کہ اتوار کے روز پاکستان کی میزبانی میں اسلامی تعاون تنظیم کا ہنگامی اجلاس ہونے والا ہے جس کا ہدف پاکستانی عہدیداروں نے افغانستان کو انسالی المیہ سے باہر نکالنے کی کوشش قرار دیا ہے۔ اس اجلاس میں طالبان حکومت کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی کہا ہے کہ یہ اجلاس طالبان کے لئے بین الاقوامی برادری کی تشویش کو دور کرنے کا ایک موقع ہے۔

مزید دیکھیئے: پاکستان نے طالبان کو اسلامی ملکوں کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی

 

ٹیگس