پاکستان نے طالبان کو اسلامی ملکوں کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی
پاکستان نے اسلامی ملکوں کے منعقد ہونے والے اجلاس میں افغانستان کی طالبان حکومت کو شرکت کرنے کی دعوت دی ہے۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کے اسٹریٹیجک ریسرج سینٹر کے سربراہ ولی اللہ شاہین نے تاکید کی ہے کہ اسلام آباد میں منعقد ہونے والے اس اجلاس کے ایجنڈے میں افغانستان کے معاشی حالات، مالی نظام، بینکنگ سسٹم اور دنیا کے دیگر ملکوں کے ساتھ طالبان حکومت کے تعلقات جیسے مسائل شامل ہیں۔
اسلام آباد میں اسلامی ملکوں کا یہ اجلاس انیس دسمبر کو منعقد ہو رہا ہے۔
پاکستانی ذرائع ابلاغ نے اس اجلاس میں امریکہ، روس، برطانیہ، یورپی یونین اور انسان دوستانہ تنظیموں کے نمائندوں کی شرکت کی تصدیق کی ہے۔
افغانستان میں جب سے طالبان اقتدار میں آئے ہیں اس وقت سے ہی وہ عالمی سطح پر اپنے اقتدار کا قانونی جواز حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ اقوام متحدہ نے ابھی کچھ عرصے قبل اعلان کیا ہےکہ وہ افغانستان کے نمائندے کی حیثیت سے طالبان کے نمائندے کو تسلیم نہیں کرے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان کو طالبان کی حمایت کرنے کے الزام کا سامنا رہا ہے اور اسلام آباد اجلاس میں پاکستان کی جانب سے طالبان کو شرکت کی دعوت کو بھی اس گروہ کی حکومت کو تسلیم کئے جانے کے لئے اسلام آباد کی کوششوں کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔