پاکستانی شہریوں کی جانب سے افغانستان میں طالبان کی مدد کا دعوی
مغربی میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ پاکستان کے ہزاروں کی تعداد میں عام شہری طالبان کی حمایت میں افغانستان گئے ہیں۔
واشنگٹن پوسٹ کے حوالے سے ہمارے نمائندے نے رپورٹ دی ہے کہ طالبان کمانڈروں کا کہنا ہے کہ گذشتہ چار ماہ کے دوران تقریبا دس ہزار پاکستانی شہری طالبان کی حمایت میں افغانستان منتقل ہوئے ہیں۔
طالبان لیڈروں نے پاکستان میں دینی مدارس کے طلبا، پاکستان میں مقیم افغان مہاجروں یہاں تک کہ جنگجوؤں سے اپیل کی ہے کہ وہ افغانستان کا نظم و نسق چلانے میں طالبان کے ساتھ تعاون و مدد کرنے کی غرض سے افغانستان آچائیں ۔ پاکستان کے دینی مدارس کی ایک معروف شخصیت نے اپنا نام نہ بتانے کی شرط پر کہا کہ طالبان نے دینی مدارس کو اس بات کا یقین دلایا ہے کہ طالبان کی حمایت کرنے والوں کو افغانستان میں مستقل رہائش کی اجازت دی جائے گی۔ کچھ عرصے قبل اخبار انڈیپنڈینٹ نے بھی طالبان کی جانب سے پاکستانی شہریوں اور تاجیکستان کے گروہ انصاراللہ کے افراد کو افغانستان کے شناختی کارڈ جاری کئے جانے کی خبر دی تھی۔