Jan ۰۲, ۲۰۲۲ ۱۷:۰۶ Asia/Tehran
  • غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستانی شہریت دینے کا معاملہ

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو شہریت دینے کے بارے میں یکساں پالیسی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے صرف افغان سرمایہ کاروں کو پاکستانی شہریت دینے کی تجویز مسترد کردی ہے ۔انھوں نے کہا ہےکہ اس قسم کی پالیسی کو کسی خاص ملک تک محدود نہیں ہونا چاہیے۔رپورٹ کے مطابق پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہش مند غیر ملکی افراد کو شہریت دینے کی تجویز بین الوزارتی رابطہ سیل (اے آئی سی سی) کے حالیہ اجلاس میں پیش کی گئی، اس اجلاس کی صدارت خود وزیر اعظم کررہے تھے۔

روز نامہ ڈان آن لائن کے مطابق وزیر مملکت اور بورڈ آف انویسٹمنٹ کے چیئرمین محمد اظفر احسن نے افغانستان سے سرمایہ کاری لانے کے لیے افغان سرمایہ کاروں کو شہریت دینے کی تجویز دی تھی۔رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم نے بورڈ آف انویسٹمنٹ کو ایک ایسی پالیسی تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے جس میں تمام پہلوؤں کا احاطہ کیا گیا ہو اور ساتھ ہی پالیسی کے عملی نفاذ کا طریقہ کار بھی موجود ہو۔انہوں نے کہا کہ ’یہ پالیسی صرف افغان شہریوں تک محدود نہیں ہونی چاہیے، بلکہ ایک وسیع البنیاد نظام ہونا چاہیے تاکہ دنیا کے کسی بھی حصے سے تعلق رکھنے والے سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کی جاسکیں۔

ٹیگس