غیر ملکی سفیروں کی وزرا سے ملاقات وزارت خارجہ کی اجازت سے مشروط ، عمران خان
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے غیرملکی سفیروں پر پیشگی اجازت کے بغیر وزرا سے ملنے پر پابندی لگا دی ہے۔
وزارت خارجہ کی اجازت کے بغیر، غیرملکی سفیروں کی پاکستانی وزرا کے ساتھ ملاقات پر پابندی لگانے کا فیصلہ وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں ہونے والے کابینہ کے اجلاس کے دوران کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ہدایت کی گئی کہ کوئی بھی غیر ملکی سفیر آئندہ وزارتِ خارجہ کو پیشگی اطلاع دیئے بغیر کسی وزیر سے ملاقات نہیں کرے گا۔
ذرائع کے مطابق وزارتِ خارجہ کی کلیئرنس کے بعد ہی سفرا وزراء سے ملاقات کر سکیں گے۔ ایسی تمام ملاقاتوں میں وزارت خارجہ کی جانب سے ایک نمائندہ بھی شریک ہو گا۔
میڈیا رپورٹوں میں اس بات کی جانب کوئی اشارہ نہیں کیا گیا کہ کن وجوہات کی بنا پر حکومت پاکستان نے غیر ملکی سفیروں کی پاکستانی وزرا سے ملاقات کو وزارت خارجہ کی اجازت سے مشروط کیا ہے۔