اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ، وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کے خلاف دائر اپیل خارج کر دی
اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیرِ اعظم عمران خان اور وزیر داخلہ شیخ رشید کی نا اہلی کی اپیل خارج کردی ہے۔
پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللّٰہ نے درخواست ناقابلِ سماعت قرار دے کر خارج کردی ۔
منگل کو اپیل پر سماعت کے دوران درخواست گزار کا کہنا تھا کہ چونکہ وزیر اعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں قومی اسمبلی کے سولہ ارکان کے، بک جانے کا اعتراف کیا ہے، اس لئے ان کی رکنیت منسوخ کی جائے۔ درخواست گزار نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے سینیٹ الیکشن کے دوران بیان دیا کہ سولہ اراکین قومی اسمبلی، فروخت ہوئے۔
درخواست گزار فداء اللّٰہ کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر شیخ رشید نے وزیر اعظم عمران خان کے اس بیان کی تصدیق کی ہے اس لئے ان کی رکنیت بھی منسوخ کی جائے اور ان دونوں کو نا اہل قرار دیا جائے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللّٰہ نے درخواست خارج کرتے ہوئے درخواست گزار سے کہا کہ اپنے حلقے کے رکن قومی اسمبلی سے کہیں کہ وہ اس سے متعلق پٹیشن دائر کریں۔