Feb ۱۴, ۲۰۲۲ ۰۷:۳۱ Asia/Tehran
  • لاہور میں جشن مولود کعبہ، شیعہ سنی سبھی نے شرکت کی

پاکستان کے شہر لاہور میں امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے ایک عظیم الشان اور پروقار جشن کا اہتمام کیا گیا جس میں مختلف مذاہب اسلامی سے تعلق رکھنے والے دوستدارانِ اہلبیت (ع) نے بھرپور شرکت کی۔

تیرہ رجب بروز منگل امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام کا یوم ولادتِ باسعادت ہے جس کے پیش نظر ایران، عراق، ہندوستان پاکستان، لبنان، افغانستان، شام، آذربایجان اور دیگر ممالک میں جشن اور محفل مقاصدہ کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔

اسی مناسبت سے لاہور کے حوزہ علمیہ عروۃ الوثقیٰ میں بھی "نہج البلاغہ و منہج الولایہ" کے زیر عنوان جشن مولود کعبہ کا اہتمام کیا گیا جس میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے فرزندان اسلام نے بھرپور شرکت کی۔ شرکت کرنے والوں میں علما، مفکرین، دانشور اور سماج کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے لوگ بڑی تعداد میں شامل تھے۔

اسلامی اتحاد و ہمدلی کی شاندار مثال پیش کرنے والے اس عظیم الشان جشن میں لاہور میں تعینات ایران کے قونصل جنرل جعفر روناس نے بھی شرکت کی۔

قابل ذکر ہے کہ حضرت علی علیہ السلام نے تاریخی شواہد کی بنیاد پر رسول اسلام حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے زیر سایہ تربیت پائی اور آپ دین اسلام پر ایمان لانے والی پہلی شخصیت کے طور پر پہچانے جاتے ہیں۔ آپؑ نے اپنی زندگی کا ایک ایک پل دین اسلام کی ترویج و تبلیغ اور اسکی بقا کے لئے صرف کیا۔

آپؑ کی ولادت باسعادت ہجرت سے تیئیس برس قبل خانہ خدا کعبہ مکرمہ میں ہوئی، آپ کے پدر بزرگوار جناب ابوطالب اور آپ کی والدہ حضرت فاطمہ بنت اسد ہیں۔

ٹیگس