پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر رحمان ملک انتقال کرگئے
پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور سینیٹر رحمان ملک 70 برس کی عمر میں انتقال کرگئے، رحمان ملک کورونا وائرس میں مبتلا تھے۔
پاکستان کے سابق وفاقی وزیر داخلہ کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے خاندانی ذرائع نے کہا ہے کہ رحمان ملک کچھ وقت سے کورونا وائرس میں مبتلا اور وینٹی لیٹر پر تھے۔ رحمان ملک کو سانس لینے میں مشکلات ہوئیں تو انہیں اسلام آباد کے نجی اسپتال میں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا لیکن وہ دم توڑ گئے۔
مرحوم رحمان ملک نے سوگواروں میں بیوہ اور 2 بیٹے چھوڑے ہیں، وہ 1951 میں سیالکوٹ میں پیدا ہوئے، انہوں نے کراچی یونیورسٹی سے ایم ایس سی شماریات کی ڈگری حاصل کی اور انہیں کراچی یونیورسٹی نے پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری بھی دی۔
رحمان ملک پیپلز پارٹی کی طرف سے 2018 سے سینیٹ کے رکن تھے، وہ 2008 سے 2013 تک پاکستان کے وزیر داخلہ رہے، سیاست میں آنے سے قبل وہ ایف آئی اے کے سربراہ بھی رہے۔ سینیٹر رحمان ملک کو ان کی بہترین کارکردگی کی بنیاد پر حکومت پاکستان کی جانب سے ستارہ شجاعت اور نشان امتیاز سے نوازا گیا۔
سینیٹر رحمان ملک کا شمار محترمہ بینظیر بھٹو کے با اعتماد اور وفادار ساتھیوں میں ہوتا ہے۔ ان کی وفات پر پیپلز پارٹی کی قیادت اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے گہرے دکھ و غم کا اظہار کیا ہے۔