پاکستان کے وزیراعظم کے دورہ روس پر امریکہ کا ردعمل
امریکہ نے ایک بار پھر پاکستان کے اندرونی امور میں مداخلت کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر اعظم کے دورہ روس پر سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس کا کہنا ہے کہ امریکہ نے پاکستان کو روس سے متعلق اپنی پوزیشن کے بارے میں آگاہ کیا ہے۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس نے وزیراعظم پاکستان کے دورہ روس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ہماری دیرینہ شراکت داری اور تعاون ہے، جمہوری پاکستان کے ساتھ شراکت داری کو امریکی مفادات کے لیے اہم سمجھتے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ روس آنے پر بہت خوش ہوں، جمعرات کو روسی حکام سے ملاقاتوں کا منتظر ہوں۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کے وزیراعظم اورروسی صدرکی ملاقات آج جمعرات 24 فروری کو ہو گی، عمران خان کی روسی صدرکیساتھ ون آن ون اور وفود کی سطح پرملاقات ہو گی، ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ دونوں رہنما اہم علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے جس میں اسلاموفوبیا اور افغانستان کی صورت حال بھی شامل ہوگی۔ وزیراعظم کے دورے سے پاکستان اور روس کے درمیان دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون میں بہتری آئے گی۔
واضح رہے کہ طویل عرصہ کے بعد کسی پاکستانی وزیراعظم کا روس کا یہ پہلا دورہ ہے اور یہ دورہ ایسے میں انجام پا رہا ہے کہ جب روس اور یوکرین کے مابین جنگ کے شعلے بھڑک اٹھے ہیں۔