قومی اسمبلی کا اجلاس چودہ مارچ کو بلائے جانے کا امکان
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد پر چودہ مارچ کو قومی اسمبلی کا اجلاس بلائے جانے کا امکان ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق قومی اسمبلی کے سیکریٹریٹ نے حکومت کے خلاف اپوزیشن کی جانب سے جمع کروائی گئی تحریک عدم اعتماد پر بحث اور ووٹنگ کے معاملے پر چودہ مارچ کو اجلاس بلانے کی تجویز اسپیکر کو بھیج دی ہے۔ پاکستان کے پارلیمانی قواعد کے مطابق ریکوزیشن پر اسمبلی اجلاس چودہ دن میں بُلانا ہوتا ہے۔
میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی پیش کردہ تجویز میں تحریک عدم اعتماد پر بحث کے لیے تین روز مقرر کیے گئے ہیں اور اٹھارہ مارچ کو ووٹنگ کرانے کی تجویز دی گئی ہے تاہم اس پر حتمی فیصلہ اسپیکر اسد قیصر کریں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کروائی تھی۔
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان تحریک عدم اعتماد کو سیاسی اور تکنیکی بنیادوں پر ناکام بنانے کے لیے سرگرم ہوگئے ہیں۔
رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ملک کے سب سے بڑے اور اہم سمجھے جانے والے صوبے پنجاب پہنچے ہیں جہاں، ان کی جماعت کی مخلوط حکومت کے درمیان اختلافات کی خبریں سامنے آتی رہی ہیں۔
یہ بھی اطلاعات ہیں کہ قانونی ماہرین نے وزیر اعظم عمران خان کو تکنیکی بنیادوں پر تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کے لیے بعض تجاویز بھی پیش کی ہیں۔