یوم پاکستان کے موقع پر ملک بھر میں خصوصی جشن و تقاریب
صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے یوم پاکستان کے موقع پر پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کی۔
پاکستان کے مختلف شہروں میں یوم پاکستان قومی و ملّی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، دن کا آغاز مساجد میں خصوصی دعاؤں سے ہوا اور پاکستانی فوج کی طرف سے توپوں کی سلامی دی گئی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں یہ دن 23 مارچ 1940 کو آل انڈیا مسلم لیگ کے اجلاس میں منظور کی گئی قرارداد کی یاد میں منایا جاتا ہے جس میں الگ ملک پاکستان کی تشکیل کی بات پیش کی گئی تھی۔
یہ قرارداد لاہور منٹو پارک میں پیش کی گئی تھی جہاں اس کی یادگار کے طور پر مینار پاکستان تعمیر کیا گیا۔ منٹو پارک کے مقام پرآج گریٹراقبال پارک موجود ہے۔
اس دن کی مناسبت سے پاکستان میں عام تعطیل ہوتی ہے۔ تمام سرکاری و نجی عمارتوں پر قومی پرچم لہرائے جاتے ہیں، پاکستانی فوج کی طرف سے وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی دی جاتی ہے۔
صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے یوم پاکستان کی مناسبت سے جاری اپنے پیغام میں کہا کہ یوم ِپاکستان برصغیر کی تاریخ میں کئی حوالوں سے اہم دن ہے، 1940 میں اس دن مسلمانوں نے ’’جداگانہ انتخاب‘‘ کے بجائے ’’علیحدہ ریاست‘‘ کا مطالبہ کیا۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ’اس دن مسلمانوں نے انگریزوں پر واضح کر دیا کہ کانگریس مسلمانوں کی نمائندہ سیاسی جماعت نہیں، اس دن مسلمانوں نے واضح کیا کہ برصغیر کی تقسیم میں مزید تاخیر نہیں کی جا سکتی، ہمارا فرض ہے کہ ہم قوم کے لئے بروقت اور دانشمندانہ سیاسی فیصلے لینے والے بانیوں کو خراج عقیدت پیش کریں۔
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 23 مارچ تخلیق پاکستان کے حقیقی مقاصد انصاف اور مساوات پر کاربند رہنے کے ہمارے عزم کی تجدید کا دن ہے، آج ہم بابائے قوم اور تحریک آزادی کے ان تمام رہنماؤں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے بے مثال قربانیوں کے ذریعے قوم کو متحد کرنے کی جدوجہد کی۔