Mar ۲۶, ۲۰۲۲ ۰۹:۵۹ Asia/Tehran
  •  پیپلز پارٹی سے کوئی معاہدہ نہیں ہوا: متحدہ قومی موومنٹ

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنونیئر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی سے کوئی معاہدہ ہوا اور نہ ہی کوئی وزارت مانگی جبکہ حکومت میں بھی جانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

اسلام آباد سے کراچی واپس پہنچنے کے بعد عارضی مرکز بہادر آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے کنونیئر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ خطرے کا نشان سرخ (لال) ہے، اس میں احتیاط  کی ضرورت ہے، اگر سب نے ذمے داری پوری نہ کی تو جمہوریت کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملک ایسے اقتصادی اور سیاسی حالات میں پہنچ چکا ہے جہاں جمہوریت کو خطرہ ہے، ایم کیو ایم صرف جمہوریت کو بچانا چاہتی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ہم نے ابھی پی پی سے کوئی معاہدہ نہیں کیا اور نہ ہی وزارت مانگی اور نہ ہی حکومت میں جانے کا ارادہ ہے، اگر ہم دباؤ میں  ہوکر فیصلے کر رہے ہوتے تو ہمارے دفاتر بند نا ہوتے اور کارکنان بھی لاپتہ نہ ہوتے۔

خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ میں ان لوگوں سے بھی مخاطب ہوں جو ہر اچھے برے وقت میں ہمارے ساتھ کھڑے رہے، ہم آپ کا مقدمہ اور مسائل لے کر حکمرانوں کو پاس بیٹھے ہیں، یہ وہی مطالبے ہیں جو ہم گزشتہ کئی برسوں سے دہرا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی پی  نے نہ حکومت کی پیشکش کی ہے نہ ہی ہمارا ارادہ ہے۔

انہوں نے اپوزیشن کو جمہوریت کے لئے حکومت ہی کی طرح ایک لازمی عنصر قرار دیا اور کہا کہ گزشتہ 15 سالوں سے ہمیں دیوار سے لگایا گیا ہے، بھروسا قائم کروانے کے لیے ہمیں دیوار سے نکالنے کی ضرورت ہے۔

ٹیگس