سپریم کورٹ از خود نوٹس کیس کی سماعت کل تک ملتوی
پاکستان کے وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد، ڈپٹی اسپیکر کی جانب سے ووٹنگ کے بغیر ہی مسترد کردیئے جانے پر سپریم کورٹ میں از خود نوٹس کیس کی سماعت بدھ کو بھی جاری رہی۔
اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے پانچ رکنی لارجر بینچ نے قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کے اقدام پر از خود نوٹس کیس کی سماعت بدھ کو بھی جاری رکھی ۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اب تک اپوزیشن جماعتوں اور بار کونسلوں کے دلائل مکمل ہوچکے ہیں جبکہ اٹارنی جنرل آف پاکستان، پاکستان تحریک انصاف ، صدر پاکستان ، وزیر اعظم عمران خان اور اسپیکر نیزڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے وکیلوں کے دلائل ابھی باقی ہیں ۔
ہمارے نمائندے کے مطابق بدھ کی سماعت میں پاکستان تحریک انصاف کے وکیل بابر اعوان نے اپنے دلائل پیش کئے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کوشش ہے کہ روزمرہ کا کام متاثر نہ ہو، کوشش کرتے ہیں کل ساڑھے 9 بجے سماعت شروع کریں، کیس نمٹانے کیلئے کل صبح سے سماعت شروع کریں گے۔
دوسری طرف پاکستان کے ایوان صدر نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ملک میں عام انتخابات کرانے کے لئے خط ارسال کردیا ہے۔
خط میں لکھا گیا ہے کہ اسمبلیاں تحلیل ہونے کے نوے دن کے اندر انتخابات کرائے جائیں ۔
اس خط کے مطابق آئین کے آرٹیکل پانچ سو اڑتالیس اے اور آرٹیکل دو سو چوبیس دو کے تحت صدر پاکستان عام انتخابات کی تاریخ مقرر کریں گے۔