عمران خان اور تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی مستعفی
پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی سے استعفے دینے کا اعلان کردیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے سابق وزیراعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چوروں کیساتھ اسمبلی میں نہیں بیٹھوں گا، اکیلے بھی استعفی دینا پڑا تو میں استعفی دوں گا، عمران خان کے اس اعلان کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے مراد سعید، فرخ حبیب، عالیہ حمزہ، علی زیدی، علی امین گنڈا پور اورعامر ڈوگر قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہوگئے۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔ اور تحریک انصاف کے ایم این ایز کی جانب سے استعفے دینے کا سلسلہ جاری ہے۔
دوسری جانب ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری سے عمران خان نے ملاقات کی، ذرائع کے مطابق ڈپٹی اسپیکر کو عمران خان نے پارٹی استعفوں سے متعلق بھی آگاہ کر دیا اورانہوں نے قومی اسمبلی اجلاس کے حوالے سے بھی ہدایات دیں۔
پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف پر 16 ارب اور 8 ارب روپے کے کرپشن کیسز ہیں، اسے جو بھی وزیراعظم سلیکٹ اور الیکٹ کرتا ہے اس سے بڑی ملک کی توہین نہیں ہو سکتی، قومی اسمبلی سے استعفے دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی اجلاس ہوا جس میں 122 ایم این ایز شریک ہوئے۔ اجلاس میں قومی اسمبلی سے استعفوں کے آپشن پر غور کیا گیا۔ عمران خان نے استعفوں کی تجویز پر ارکان قومی اسمبلی سے رائے لی۔
اجلاس کے شرکاء نے عمران خان پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی قیادت کے ساتھ کھڑے رہنے کی یقین دہانی کرائی۔ پارٹی ارکان نے کہا کہ استعفوں سے متعلق عمران خان جو فیصلہ کریں گے قبول ہوگا۔
یاد رہے کہ کل رات پورے پاکستان میں عمران خان سے اظہار یکجہتی اور امریکی مداخلت کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرے ہوئے اور بڑی بڑی ریلیاں نکالی گئیں۔