پاکستان میں استعفوں کی سیاست، گورنر سندھ اور گورنر خیبرپختونخواہ بھی مستعفی
پاکستان میں استعفوں کی سیاست کا تسلسل جاری ہے اورگورنر سندھ اور گورنر خیبرپختونخواہ نے بھی مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے۔
گورنر ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق گورنر خیبرپختونخواہ شاہ فرمان اپنے عہدہ سے مستعفی ہو گئے۔ شاہ فرمان نے اپنے استعفی پر دستخط کر دئیے اور اپنا استعفی صدر پاکستان عارف علوی کو بھجوا دیا ہے۔
دوسری جانب گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی عمران خان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفی دینے کا اعلان کیا ہے۔
کراچی میں عمران خان سے اظہار یکجہتی اور نئی حکومت کے خلاف تحریک انصاف کی جانب سے نکالی گئی احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل اپنے عہدے سے استعفی دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ عمران خان کی نہیں پاکستان کی جنگ ہے، آج تو پورا کراچی جام کرنا چاہتے تو ہوجاتا، ایک غیرت مند قوم ہیں، چیونٹیوں کی طرح رینگنا نہیں شاہینوں کی طرح جھپٹنا ہے، میں کسی چور ڈکیت کو پروٹوکول نہیں دے سکتا اور عمران خان سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے استعفے کا اعلان کرتا ہوں۔
عمران اسماعیل نے کہا کہ رات بارہ بجے عدالتوں کے دروازے کھل گئے، پارلیمنٹ اور سپریم کورٹ کے باہر قیدیوں کی گاڑی کھڑی کی گئیں، ہمیں دھمکایا جارہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف چاہتے ہیں کہ ساری قوم امریکہ کے آگے جھک جائے، لیکن آج پورا پاکستان عمران خان کے لیے باہر نکل آیا ہے، وعدہ کریں جب عمران خان کال دیں باہر نکلیں گے۔ گورنر عمران اسماعیل نے مظاہرین کے ساتھ مل کر تحریک انصاف کا لائیو ترانہ گایا میرا باس عمران خان ہے ایسی گورنری پر لعنت بھیجتا ہوں۔
خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے قومی اسمبلی سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ ہم کسی صورت اس اسمبلی میں نہیں بیٹھیں گے۔